ہمارےشہداء ہمارا افتخار 

Calender Icon جمعہ 20 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ہمارے شہداء ہمارا افتخار ہیں، اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی وطن کی مٹی نے پکارا، ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لبیک کہا۔ دفاعِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کیپٹن حسنین اختر شہید کی پہلی برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

کیپٹن حسنین اختر شہید 20 مارچ 2025ء کو ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ جہلم کے رہائشی 25 سالہ نڈر اور بے باک افسر نے چار برس تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا اور اپنی جان قربان کر کے ہمیشہ کے لیے قوم کے دلوں میں زندہ ہو گئے۔

شہید کی پہلی برسی کے موقع پر پوری قوم ان کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہے اور ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔ اس موقع پر شہید کے والد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے کیپٹن حسنین شہید جیسے جانباز افراد ایک خاص تحفہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود کیپٹن حسنین شہید کی یادیں آج بھی دلوں میں تازہ ہیں، اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے ملکی دفاع جیسے عظیم مقصد کے لیے اپنی جان قربان کی۔ والد کا کہنا تھا کہ کیپٹن حسنین شہید کے کمانڈنگ آفیسر بھی ہمیشہ ان کی بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے رہے۔

کیپٹن حسنین اختر شہید نے وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کی، اور ان کی قربانی ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔