نااہل مودی کا آبنائے ہرمز میں ایرانی اجازت ملنے کا پروپیگنڈا بےنقاب

Calender Icon جمعہ 20 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے منسوب آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایرانی اجازت ملنے کے دعوؤں کا پول کھل گیا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا کے ذریعے پھیلائے گئے اس پروپیگنڈے کو خود بھارتی ذرائع نے بے نقاب کر دیا ہے۔

بھارتی جریدے Scroll.in کے مطابق بی جے پی حکومت نے ملک میں بڑھتے توانائی بحران اور عوامی غصے کو کم کرنے کے لیے جعلی خبروں کا سہارا لیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار نے اپنے روایتی ہتھیار یعنی گودی میڈیا کے ذریعے صورتحال کو قابو میں لانے کی ناکام کوشش کی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا کہ ایران نے بھارت کو آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے، تاہم یہ دعویٰ جلد ہی بے بنیاد ثابت ہوا۔ بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ بھارتی جہازوں کے لیے کسی قسم کا کوئی جامع بندوبست موجود نہیں۔

Scroll.in کے مطابق عالمی دباؤ کے پیش نظر مودی حکومت نے ایرانی تیل اور چابہار بندرگاہ میں شراکت داری محدود کر دی، جبکہ بعض ایرانی ٹینکرز کے حوالے سے اقدامات نے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ حالیہ علاقائی صورتحال کے باعث ایران بھارت کو مکمل طور پر غیر جانبدار نہیں سمجھتا۔

عالمی ماہرین کے مطابق بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود نریندر مودی اپنے دور اقتدار میں بھارت کو توانائی کے شعبے میں حقیقی خودمختاری فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، اور ان کے دعوؤں کے برعکس بھارت کا عالمی اثر و رسوخ محدود ہوتا جا رہا ہے۔