کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب، گارڈ آف آنر پیش

Calender Icon پیر 6 اکتوبر 2025

کوالالمپور (نیوز ڈیسک) دورہ ملائیشیا کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے دفتر پہنچے جہاں ملائیشین ہم منصب نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر دونوں رہنما ایک دوسرے سے گلے ملے۔

اس دوران ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، بعدازاں وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزرا اور دیگر حکام سے مصافحہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچے، جہاں بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔

بعدازاں وزیراعظم کی رہائش آمد کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم نے شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔