وطن کی مٹی کا قرض اپنے خون سے اتارنے والے پاک فوج کے شہدا کو پوری قوم کا خراج عقیدت

Calender Icon اتوار 22 مارچ 2026

ملتان (نیوز ڈیسک) عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر جہاں ملک بھر میں خوشیاں اور محبتیں بانٹی جا رہی ہیں، وہیں قوم اپنے شہداء کو بھی بھرپور خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے وطن کی مٹی کا قرض اپنے خون سے ادا کیا۔

اسی سلسلے میں ملتان کے سپوت سپاہی سرمد سعید شہید کی یادیں بھی عید کے موقع پر تازہ ہو گئیں۔ سپاہی سرمد سعید نے گزشتہ سال پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کر دی۔

شہید کے اہلِ خانہ نے عیدالفطر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمد سعید ایک نہایت بہادر بیٹا تھا اور انہیں اس کی شہادت پر فخر ہے۔ شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے سینے پر گولیاں کھا کر بھی دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔

شہید کے والد نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنے دوسرے بیٹے کو بھی ملک کی حفاظت کیلئے پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

سپاہی سرمد سعید شہید کے بھائی نے کہا کہ ان کے بھائی نے دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان دی اور یہ قربانی پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے۔

اہلِ خانہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وطن عزیز کا دفاع ہر قیمت پر ناقابلِ تسخیر رہے گا۔