عید الفطر کے موقع پر شہدا کے لواحقین کے جذبات و احساسات، رتبۂ شہادت پر سر فخر سے بلند

Calender Icon اتوار 22 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عید الفطر کے موقع پر شہداء کے لواحقین کے جذبات و احساسات ایک بار پھر سامنے آ گئے، جن میں رتبۂ شہادت پر فخر اور وطن سے محبت نمایاں دکھائی دی۔

عید کا یہ پرمسرت تہوار ہمیں ان عظیم بیٹوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمیشہ کیلئے امر ہو گئے۔

اس موقع پر لانس نائیک محمد اجمل شہید کے بیٹے ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے شہید والد پر ہمیشہ فخر رہے گا اور وہ ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عید کے دن قوم کی خدمت میں مصروف ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کے آپریشن “غضبُ للحق” پر پوری قوم کو فخر ہے، جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب صوبیدار محمد سرور شہید کی بیٹی ڈاکٹر صالحہ نے بتایا کہ ان کے والد 10 مئی 2013 کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے سینے پر گولیاں کھانے کے باوجود آخری دم تک دشمن کا مقابلہ کیا اور انہیں اپنی اس عظیم قربانی پر فخر ہے۔

ڈاکٹر صالحہ نے کہا کہ پاک فوج نے ان کے خاندان کی بھرپور مدد کی، جس کی بدولت وہ اپنا ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن “غضبُ للحق” میں پاک فوج نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جسے نہ صرف پوری قوم بلکہ دنیا بھی تسلیم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری خوشیاں انہی عظیم قربانیوں کی مرہونِ منت ہیں۔ شہداء ہمارے ہیرو ہیں اور ان کے لواحقین پوری قوم کا فخر ہیں۔