ایرانی میزائل لندن، پیرس، برلن جیسے شہروں تک پہنچ سکتے ہیں: اسرائیلی ڈیفنس فورسز

Calender Icon اتوار 22 مارچ 2026

تل ابیب (نیوز ڈیسک)اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تیاری خطرہ بن سکتی ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا ایران نے ایسے میزائلوں کی آزمائش یا تیاری کی ہے جو 4 ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے یورپ، ایشیا اور افریقہ کے درجنوں ممالک خطرے کی زد میں آ سکتے ہیں، ایرانی میزائل لندن، پیرس اور برلن جیسے شہروں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ بیان اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے قبرص میں امریکا اور برطانیہ کے مشترکہ فوجی اڈے کی طرف دو میزائل فائر کیے تاہم دونوں میزائل اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔

بعض دفاعی تجزیہ کاروں نے اس دعوے پر شکوک کا اظہار کیا ہے کہ ایران واقعی اتنی دور تک مار کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اس بارے میں کوئی حتمی آزاد تصدیق موجود نہیں ہے کہ ایران کے پاس اس فاصلے تک پہنچنے والے میزائل موجود ہیں۔