23 مارچ جنوبی ایشیا کی تاریخ کا اہم سنگ میل، قوم کو مبارکباد، وزیر اعظم

Calender Icon اتوار 22 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)یوم پاکستان کے تاریخ ساز قومی دن پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔​23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ چھیاسی برس قبل اس تاریخی دن پر برصغیر پاک و ہند کی مسلم قیادت اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھنے کے لیے متحد ہوئی۔ فکرِاقبال سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے مسلم قائدین نے ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا جہاں مسلمانوں کے آئینی اور سیاسی حقوق کو تخفظ حاصل ہو اور وہ وقار، آزادی اور عزتِ نفس کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔ 23 مارچ 1940 کے تاریخی دن، قراردادِ لاہور نے مسلمانوں کو وہ عزم بخشا کہ محض سات سال کی قلیل مدت میں 14 اگست 1947 کو ہمارے آباؤ اجداد قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں ایک علیحدہ وطن پاکستان حاصل کرنے میں کامیاب ہوے۔ بلاشبہ مملکت خداداد پاکستان کی صورت میں آزادی کی یہ نعمت ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔​قیامِ پاکستان کے بعد اپنی پروقار تاریخ میں ہماری قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی جذبے اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایک نوزائیدہ ملک سے جوہری طاقت تک کا ہمارا سفر استقامت اور آہنی عزم سے عبارت ہے۔ درخشندہ مستقبل کی جانب یہ سفر آج بھی جاری ہے۔ پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہمیں ثابت قدمی، انتھک محنت اور ایک اجتماعی لآ ئحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ بہت سے چیلنجز کے باوجود، الحمدللہ، ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ افراطِ زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مثبت اقتصادی اعشاریے درست سمت کا ثبوت ہیں۔ کامیابی کا یہ سفر ، جرات مندانہ اصلاحات اور دانشمندانہ حکمتِ عملی کے ساتھ ساتھ عوام کا اپنی صلاحیتوں اور وطنِ عزیز کے روشن مستقبل پر اعتماد کی مرہونِ منت ہیں۔​ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کا دفاع کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال معرکہ حق، آپریشن بنیانِ المرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے ازلی دشمن کو موثر اور دندان شکن جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔ انہوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر اور ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔اس سال 26 فروری 2026 کی رات ہماری سرحدوں پر طالبان غاصب ٹولے کی بلا اشتعال جارحیت کا جواب آپریشن غضبِ للحق کے ذریعے دیا گیا۔ آپریشن غضبِ للحق محض عسکری کارروائی نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے کہ ہم کسی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔​پاکستان عالمی امن کا داعی ہے، تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔ ہم بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھی مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اور مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی پر بھی گہری تشویش رکھتا ہے۔ پاکستان بطور ایک ذمہ دار عالمی ریاست کے متوازن اور فعال سفارت کاری جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا محور علاقائی استحکام، مکالمہ اور باہمی احترام ہے۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مذاکرات ہی پائیدار امن کا راستہ ہے۔​یومِ پاکستان کے موقع پر ہم تحریکِ پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کی لازوال خدمات کو پر خلوص خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اور افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسران اور دلیر جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی آزادی، خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیۓ اپنی جانوں کے گراں قدر نذرانے پیش کیے۔ پوری قوم اپنی تابندہ روایات کو سربلند رکھنے کے لیے پرعزم اور کسی بھی آزمائش کا سامنا کرنے کے لیے ہر دم مستعد ہے۔​اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جو ملک کو ترقی کی بلندیوں سے ہمکنار کریں گی۔ دور رس حکمت عملی ، موثر پالیسی، مخلصانہ کاوشیں اور قومی اتحاد سے ہم اقوامِ عالم میں وہ مقام حاصل کر سکتے ہیں جس کا خواب بانیانِ پاکستان نے دیکھا تھا۔ پرعزم اور متحد قوم جب ایک مقصد کے لیے ڈٹ جائے تو اسکے سامنے کوئی چیلنج ناقابلِ تسخیر نہیں رہتا۔ ہم لازوال جذبے، انتھک محنت اور مشترکہ جدوجہد کے ساتھ مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر جاری رکھیں گے۔ انشاء اللہ!