لاہور، آوارہ کتوں نے 8 سالہ بچی کی جان لے لی، وزیراعلیٰ کا نوٹس

Calender Icon اتوار 22 مارچ 2026

لاہور:(نیوزڈیسک ) لاہور میں عید کے دوسرے روز آوارہ کتے کے حملے سے 8 سالہ معصوم بچی جان کی بازی ہار گئی۔

لاہور کے علاقے ٹاون شپ میں عید کی خوشیاں اس وقت غم میں بدل گئیں جب ایک آوارہ کتے نے گلی میں کھیلتی 8 سالہ مہر نامی بچی پر اچانک حملہ کردیا۔

کتے کے حملے میں بچی شدید زخمی ہوگئی،جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ میڈیا سے بات نہ کریں، بتایا جاتا ہے کہ عدالت کے احکامات ہیں کہ کتوں کو نہیں مارا جا سکتا، لیکن ہم پوچھتے ہیں کہ کیا انسانی جان کی کوئی اہمیت نہیں؟

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹاؤن شپ اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے، تاکہ آئندہ کسی اور گھر کا چراغ نہ بجھے۔