قطری فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ، 3 ترک شہریوں سمیت 7 جاں بحق

Calender Icon اتوار 22 مارچ 2026

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر کے فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں تمام 7 سوار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا جس میں قطری مسلح افواج کے 4 ارکان اور 3 ترک شہری جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

قطری وزارت دفاع کے مطابق یہ حادثہ اتوار کے روز معمول کی ڈیوٹی کے دوران پیش آیا، جب ہیلی کاپٹر ملک کی سمندری حدود میں پرواز کر رہا تھا، حادثے میں جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے اور فی الحال کسی دشمنانہ کارروائی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور حالیہ ہفتوں کے دوران قطر کو سکیورٹی چیلنجز کا سامنا رہا ہے، حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ریسکیو آپریشن جاری رکھا جائے گا۔