اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عید الفطر کے پرمسرت موقع پر شہداء کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ عید کی خوشیوں کے درمیان شہداء کی یادیں مزید تازہ ہو جاتی ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔
اس موقع پر سپاہی مسعود عالم شہید کی بیٹی نے کہا کہ ان کے والد نے ملک و قوم کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ والد کی یاد آج بھی دل میں زندہ ہے اور انہیں ان کی شہادت پر ہمیشہ فخر رہے گا۔
نائب صوبیدار ندیم شہید کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی قربانی ان کے لیے باعثِ حوصلہ ہے اور وہ ہمیشہ ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی کوشش کریں گی۔
سپاہی مسعود عالم شہید کے بیٹے نے کہا کہ ان کے والد نے وطن کی بقاء کیلئے اپنی جان قربان کی، جو ان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
کیپٹن اسلام شہید کی بیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان فوج کے جوانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے، کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔
اہلِ خانہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ عید ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہمارا امن اور آزادی شہداء کی لازوال قربانیوں کی مرہونِ منت ہے اور قوم اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔












پیر 23 مارچ 2026 