شہید میجر احمر رضا کے لواحقین کا عید کے موقع پر پاک فوج کے شہداء اور جوانوں کیلئے جذبات کا اظہار

Calender Icon پیر 23 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عید الفطر کے پُرمسرت موقع پر شہید میجر احمر رضا کے اہلِ خانہ نے پاک فوج کے شہداء اور جوانوں کے لیے اپنے جذبات اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔

اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ عید کے اس خوشی کے موقع پر پاکستان آرمی کے تمام جوانوں، افسران، شہداء اور ان کے خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک پیش کرتے ہیں۔

شہید میجر احمر رضا کے بھائی نے بتایا کہ وہ آئیوری کوسٹ میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے دوران شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت کی خبر اچانک ملی، تاہم اہلِ خانہ نے صبر و شکر کا دامن تھامے رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی وطنِ عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور تمام فوجی بھائیوں کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے اہلِ خانہ کو صبر عطا فرمائے اور پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔

شہید کی بہن نے بتایا کہ میجر احمر رضا کا یومِ پیدائش 23 مارچ کو تھا اور ان کے والد کہا کرتے تھے کہ ان کی آمد پر توپوں کی سلامی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہادت کے بعد بھی انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا اور وہ اسی شان کے ساتھ رخصت ہوئے۔

اہلِ خانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔