اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں آزادی کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ 1940 کی قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح منزل فراہم کی، اور پاکستان کا قیام اجتماعی جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں نے آزادی کی جدوجہد کی، جبکہ تاریخی قراردادِ لاہور نے ایک الگ وطن کی بنیاد رکھی۔ لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے پاکستان کا خواب حقیقت بنا۔
انہوں نے بابائے قوم محمد علی جناح اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور فکر نے اس خطے کو ایک آزاد ریاست کی صورت دی۔
چیئرمین سینیٹ نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی کاوشوں نے پاکستان کے دفاع اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک مضبوط دفاعی قوت کے طور پر دنیا میں موجود ہے اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے قومی ترقی کے لیے قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کو ناگزیر قرار دیا اور مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
آخر میں انہوں نے پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔












پیر 23 مارچ 2026 