اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے اسلاف کی غیر متزلزل جدوجہد، بصیرت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد ریاست کے طور پر وجود میں آیا۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قوم نے بے شمار چیلنجز کا جرأت اور استقامت سے مقابلہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ وقت میں خطہ تنازعات اور کشیدگی کا شکار ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ تاہم حکومت کے کفایتی اقدامات اور قومی اتحاد کے ذریعے قوم ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک کے اندر اور سرحدوں کے پار فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں اسی مقصد کے تحت جاری ہیں۔ اس راہ میں افواجِ پاکستان کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، جنہیں قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
آخر میں انہوں نے پاکستان کے لیے امن، ترقی اور استحکام کی دعا کی۔












پیر 23 مارچ 2026 