توانائی شعبہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، استحکام کے لیے اقدامات جاری ہیں،اویس لغاری

Calender Icon پیر 23 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی (پاور) سردار اویس احمد خان لغاری نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 وہ تاریخی سنگِ میل ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں خود انحصاری، عملی جدوجہد اور قومی ترجیحات متعین کرنے کا درس دیتا ہے۔ محمد علی جناح کا یقینِ محکم اور علامہ محمد اقبال کا تصورِ خودی ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر پاکستان قائم ہوا۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ یومِ پاکستان ہماری قومی شناخت، خودمختاری اور عزمِ نو کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ قومی سلامتی اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں توانائی کے شعبے میں استحکام لایا جا رہا ہے۔ حکومت کی پالیسی کے تحت بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے صنعتوں کو ریلیف ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور صنعتکاروں کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ یومِ پاکستان کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ توانائی کے شعبے میں شفافیت، بہتر ترسیل اور صنعتی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم ریاست بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔