23 مارچ آزادی کی جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی یاد دہانی ہے،ایاز صادق

Calender Icon پیر 23 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قراردادِ لاہور کے ذریعے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی گئی، اور یہ دن ہمیں اپنے اکابرین کی بصیرت، جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہی قربانیوں کی بدولت پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع دیتا ہے کہ ہم بانیانِ پاکستان کے وژن کے مطابق ملک کو ایک مضبوط، مستحکم اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ہمیں ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے۔

انہوں نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں دہشتگردی، معاشی مشکلات اور خطے کی بدلتی صورتحال شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان اور سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع کے لیے دن رات سرگرم عمل ہیں اور پوری قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

آخر میں انہوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔