شہباز شریف، مسعود پزشکیان ٹیلیفونک رابطہ، اتحاد و یکجہتی امہ پرزور

Calender Icon پیر 23 مارچ 2026

لاہور(نیوزڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔وزیراعظم نے ایرانی صدر اور برادر عوامِ ایران کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد پیش کی۔ ایرانی صدر نے بھی ان جذبات کا پرتپاک انداز میں جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بطور ہمسایہ برادر ملک، وزیراعظم نے جاری کشیدگی کے تناظر میں بہادر ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں و متاثرین کی جلد صحتیابی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے خلیجی خطے میں جاری خطرناک صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا بھی اظہار کیا۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر انہوں نے تمام ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی طرف واپسی کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔انہوں نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس کی اس وقت اشد ضرورت ہے۔پاکستان کی قیادت کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔