آسیہ اندرابی کو عمر قید، کشمیری قیادت کی آواز دبانے کی کوشش: مشعال ملک

Calender Icon بدھ 25 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا دینا دراصل کشمیری قیادت کی آواز کو دبانے کی ایک منظم کوشش ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے بھارتی عدالت کے حالیہ فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ دکھائی دیتا ہے، جس کے ذریعے کشمیری عوام کی جدوجہد کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ متنازع قوانین کے تحت آزادی کی تحریک کو دبایا جا رہا ہے اور یہ معاملہ صرف چند افراد کی سزا تک محدود نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کے حقِ خودارادیت پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کے اقدامات پر آواز بلند نہ کی گئی تو یہ خاموشی بھی ظلم کا حصہ سمجھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے فیصلے نہ صرف انصاف کے اصولوں کے خلاف ہیں بلکہ خطے میں بے چینی اور اضطراب کو بھی بڑھا رہے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ عالمی ادارے اس صورتحال کا نوٹس لیں اور انصاف کے تقاضوں کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔