لاہور:(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے ایک اہم منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر ملازمتوں سے جوڑا جائے گا۔
یہ منظوری پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی، جہاں “سی ایم یوتھ ایمپلائی ایبلٹی اِن بی پی اوز” پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہے بلکہ انہیں عالمی معیار کی افرادی قوت کے طور پر تیار کرنا بھی ہے تاکہ وہ مقامی اور بین الاقوامی بی پی او مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کر سکیں۔
حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بی پی او اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جہاں کسٹمر سپورٹ، کال سینٹر آپریشنز، آئی ٹی سپورٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
منصوبے کے تحت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت ان شہروں میں تربیت فراہم کی جائے گی جہاں بی پی او انڈسٹری پہلے سے موجود ہے یا تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ اس پروگرام پر عملدرآمد، صنعتی رابطہ کاری اور کارکردگی کی نگرانی پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے سپرد ہوگی۔
مزید برآں، تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی ملازمت کی تصدیق کے لیے پے رول ریکارڈ اور تھرڈ پارٹی ویریفیکیشن جیسے شفاف طریقہ کار بھی اختیار کیے جائیں گے، تاکہ اس اقدام کے مثبت نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔
پنجاب میں 25 ہزار نوجوانوں کو ڈیجیٹل تربیت دینے کا منصوبہ منظور
بدھ 25 مارچ 2026












