وزیرِ اعظم: اپنا گھر ہر شہری کا حق، آسان قرضے حکومت کی اولین ترجیح

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس میں کہا کہ ہر شہری کا حق ہے کہ وہ اپنا گھر رکھے، اور حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ آسان شرائط پر رہائشی قرضے فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
انہوں نے بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری معیشت کو مستحکم کرے گی اور لاکھوں افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ رہائشی اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی حکمت عملی تیار کی جائے اور اس میں وفاق، صوبے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی شامل کیا جائے۔
اجلاس میں ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قانونی اصلاحات، کم لاگت رہائشی منصوبوں کے لیے قرضوں کے نظام اور مارگیج فنانس کے مکمل ایکو سسٹم پر کام جاری ہے۔ آئندہ مرحلے میں بینکوں کو مخصوص اہداف بھی دیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ رہائشی شعبے کی ترقی کے لیے جامع اقدامات کو جلد حتمی شکل دے کر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندگان، نجی شعبے کے ماہرین اور متعلقہ اعلیٰ حکام شریک تھے۔