بلوچستان میں موسلادھار بارشیں، 2 افراد جاں بحق اور فصلوں کو شدید نقصان

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے صوبے کے کئی علاقے جل تھل ہوگئے اور مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان رپورٹ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع کیچ میں بارش کے دوران دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ کوہلو اور ہرنائی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ خاران، تربت، کیچ، نوشکی اور پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آئی، جس سے کچے مکانات اور شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔
کوئٹہ میں گزشتہ شب سے جاری بارش نے نکاسی آب کے نظام کو متاثر کیا اور نالیاں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
مستونگ کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے آب گل، غلام پڑینز، آماچ اور دیگر پہاڑی و تفریحی مقامات پر پکنک پر پابندی عائد کر دی ہے اور شہریوں کو بارش کے دوران ان مقامات سے گریز کرنے اور احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔ نوشکی، مستونگ، قلات، سوراب، کوئٹہ، چمن، ژوب، شیرانی اور بولان سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پسنی میں 36 ملی میٹر، ماڑہ میں 19 ملی میٹر اور پشین میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ژوب اور کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ 29 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کم سے کم درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا، جس میں کوئٹہ اور قلات میں 9، زیارت میں 6، ژوب میں 10، سبی میں 17، تربت اور نوکنڈی میں 20، جبکہ گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 22 اور 23 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔