نتائج تک “آپریشن غضب للحق” جاری رہے گا: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ “آپریشن غضب للحق” اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا، تاہم عید کے موقع پر برادر ممالک کی درخواست پر اس میں عارضی وقفہ دیا گیا تھا۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ آپریشن کا مقصد دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی ہے اور جب تک افغان حکومت ان عناصر کی پشت پناہی ختم نہیں کرتی، یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
ترجمان نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فالس فلیگ آپریشنز کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خلیجی کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے علاقائی ممالک سے رابطے کیے ہیں اور پاکستان کی قیادت بامعنی مذاکرات کی حمایت کرتی ہے، جبکہ وزیراعظم سفارتی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
نتائج تک “آپریشن غضب للحق” جاری رہے گا: ترجمان دفتر خارجہ
جمعرات 26 مارچ 2026












