ایران نے ٹرمپ کے جنگ بندی منصوبے کو غیر منصفانہ قرار دے دیا

Calender Icon جمعہ 27 مارچ 2026

ایران نے امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی15 نکاتی تجاویز پر باضابطہ جواب دے دیا ہے اور اب واشنگٹن کے ردعمل کا انتظار کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے کہا ہے کہ یہ مجوزہ جنگ بندی منصوبہ یک طرفہ اور غیر منصفانہ ہے، اور زیادہ تر امریکی اور اسرائیلی مفادات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ ایرانی عہدیداروں کے مطابق یہ تجاویز پاکستان کے ذریعے تہران تک پہنچائی گئیں، اور ایران نے اپنا موقف بھی پاکستان کے ذریعے ہی امریکہ تک منتقل کیا۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ اس منصوبے میں بنیادی تقاضوں کی کمی موجود ہے اور موجودہ صورتحال میں باضابطہ مذاکرات کے لیے کوئی واضح فریم ورک نہیں ہے۔ تاہم، ایرانی حکام نے یہ بھی کہا کہ سفارتکاری کا عمل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور اگر امریکہ حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرے تو تنازع کے حل کی راہ نکالی جا سکتی ہے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق پاکستان اور ترکیہ دونوں ممالک، امریکہ اور ایران کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ادھر ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بھی تصدیق کی ہے کہ تہران اب واشنگٹن کے باضابطہ جواب کا انتظار کر رہا ہے۔