متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں بیلسٹک میزائل کے ملبے کے گرنے سے ایک پاکستانی شہری سمیت مزید دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
حکام کے مطابق اماراتی فضائی دفاعی نظام نے میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا تھا، تاہم اس کا ملبہ ابوظبی کے علاقے سویجان میں گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ حادثے میں متعدد گاڑیاں بھی شدید متاثر ہوئیں۔
پاکستانی سفارتخانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور یقین دلایا کہ میت کو جلد وطن منتقل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے میں کم از کم تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ فضائی دفاعی نظام نے میزائل حملوں کو بڑی حد تک ناکام بنایا، مگر ملبہ گرنے کے واقعات شہری علاقوں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں، جس سے خطے میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ابوظبی میں ایرانی میزائل کا ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری جاں بحق
جمعہ 27 مارچ 2026












