موٹر سائیکلز کے لیے پیٹرول کا ماہانہ کوٹہ مختص کرنے کی تجویز سامنے آ گئی

Calender Icon جمعہ 27 مارچ 2026

وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے افراد کے لیے پیٹرول سبسڈی کی سہولت کے لیے ایک ایپ تیار کر لی ہے، جس کے ذریعے مستحق شہری کم قیمت پر پیٹرول حاصل کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تیار کردہ یہ ایپ فی الحال ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے اور مکمل ہونے کے بعد عوام کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔
پیٹرول پر سبسڈی فی الحال دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں (ٹو تھری ویلرز) کے لیے دی جائے گی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر دیگر صارفین پر منتقل ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلز کے لیے ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول کا کوٹہ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم 800 سی سی یا اس سے بڑی گاڑیوں والے صارفین کے لیے سبسڈی کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر سبسڈی نوزلز نصب کیے جائیں گے، اور ہر پیٹرول پمپ پر دو موبائل فونز بھی فراہم کیے جائیں گے، تاکہ ایپ کے ذریعے سبسڈی والے پیٹرول کی سہولت دی جا سکے۔
اس اقدام سے کم آمدنی والے افراد کو روزمرہ کی ضروریات کے لیے ایندھن کی لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی اور سبسڈی کا عمل شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔