وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ 28 مارچ کو پورے صوبے میں “ارتھ آور” منایا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عالمی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور توانائی کے تحفظ کے ساتھ ماحولیاتی شعور کو فروغ دیں۔ اعلامیے کے مطابق 28 مارچ کو رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک پنجاب بھر میں روشنی بند رکھی جائے گی تاکہ توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحولیاتی تحفظ کے پیغام کو اجاگر کیا جا سکے۔
حکومت پنجاب نے ارتھ آور مہم کی نگرانی کے لیے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب صوبے بھر میں اس مہم کی مانیٹرنگ کریں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی نسل کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارتھ آور مہم کا مقصد عوام میں توانائی کے مؤثر اور محفوظ استعمال کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔
مریم نواز شریف نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کی ماحولیاتی تحفظ میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ ماحولیات کو ترجیحات میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آخر میں انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ توانائی کی بچت کی اس عالمی مہم میں فعال کردار ادا کریں اور دنیا بھر میں جاری اس مہم میں حصہ لیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں 28 مارچ کو “ارتھ آور” منانے کا اعلان کر دیا
جمعہ 27 مارچ 2026












