دخترِ وطن ثروت فاطمہ نے عالمی اسٹیج پر پاکستان کا نام روشن کر دیا

Calender Icon جمعہ 27 مارچ 2026

پاکستانی کھلاڑی ثروت فاطمہ نے عالمی فورم پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ثروت فاطمہ نے ملائیشیا میں بیڈمنٹن کے مقابلوں میں دو گولڈ میڈلز جیت کر نہ صرف پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ پیدا کیا بلکہ ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
بلوچستان کی بیٹی ثروت فاطمہ نے اپنی جیت کے ذریعے ثابت کر دیا کہ بلند حوصلے اور لگن کے ساتھ محنت کریں تو منزل خود قدم چومتی ہے۔
اس موقع پر عالمی گولڈ میڈلسٹ ثروت فاطمہ نے کہا کہ یہ صرف ایک فتح نہیں، بلکہ کھیل سے ان کی سچی محبت، انتھک محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے گولڈ میڈلز جیتنے میں والد اور پاک فوج کے تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی میرے ساتھ رہی۔
ثروت فاطمہ نے پاک فوج میں شمولیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاک فوج کا حصہ بن کر ملک کا نام اور زیادہ روشن کریں گی۔
واضح رہے کہ پاک فوج ملک کے دور دراز علاقوں سے ٹیلنٹ کو تلاش کر کے عالمی سطح تک پہنچانے میں پیش پیش ہے، اور ایسے مواقع نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوتے ہیں۔