امریکا اور ایران کے نمائندے جلد پاکستان میں ملاقات کریں گے، جرمن وزیر خارجہ کا انکشاف

Calender Icon جمعہ 27 مارچ 2026

جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فیہول نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے نمائندے بہت جلد پاکستان میں ملاقات کریں گے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اور ممکنہ مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔
جرمن ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ نے بتایا کہ اب تک امریکا اور ایران کے درمیان رابطے بالواسطہ طور پر ہوئے ہیں، لیکن اب براہِ راست ملاقات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور یہ اہم اجلاس پاکستان میں متوقع ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے بھی تصدیق کی کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیغامات کے تبادلے میں مدد فراہم کی گئی ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے راستہ ہموار کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ ملاقات کامیاب رہی تو نہ صرف خطے میں تناؤ میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر مزید مضبوط کرنے کا موقع بھی ملے گا۔