اسلام آباد(نیوزڈیسک) حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت سینیٹ سیکرٹریٹ پاکستان نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ساڑھے 26 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کرا دیے ہیں۔
یہ اقدام چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے کہا کہ ایوانِ بالا ملک کے معاشی استحکام کے لیے حکومتی پالیسیوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مزید بچت کے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں، اور آئندہ بھی اضافی رقوم قومی خزانے میں جمع کرائی جائیں گی۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں مالی نظم و ضبط انتہائی ضروری ہے، تاہم ان اقدامات کے باوجود پارلیمانی امور اور قانون سازی کا عمل متاثر نہیں ہوگا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ادارے میں شفاف اور جوابدہ مالیاتی نظام کو برقرار رکھتے ہوئے قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
کفایت شعاری مہم، سینیٹ سیکرٹریٹ سےساڑھے 26 کروڑ روپے خزانے میں جمع
جمعہ 27 مارچ 2026












