آئی ایم ایف معاہدہ مثبت پیش رفت، جی ایس پی پلس کے خلاف پروپیگنڈا سازش ہے: عاطف اکرام شیخ

Calender Icon ہفتہ 28 مارچ 2026

اسلام آباد (طارق محمود سمیر)عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (IMF) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پانا پاکستان کی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہے۔
ان کے مطابق یہ معاہدہ زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دے گا، جبکہ عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ موجودہ معاشی چیلنجز کے پیش نظر حکومت کو کاروباری برادری پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کا کہنا تھا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کو سہولیات فراہم کرنا اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔ ساتھ ہی آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کے دوران مہنگائی پر قابو، توانائی کی قیمتوں میں استحکام اور کاروباری لاگت میں کمی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
عاطف اکرام شیخ نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف جاری منفی مہم کو پاکستان کی معیشت اور برآمدات کے خلاف گہری سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اسٹیٹس کی بدولت ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جی ایس پی پلس کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا نہ صرف پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ برآمدی شعبے کو بھی شدید متاثر کر سکتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس منفی مہم کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کاروباری برادری جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے عالمی معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت اس اہم تجارتی سہولت کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات تیز کریں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی برآمدات کے فروغ، معاشی استحکام اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔