اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا اور اس کی بھرپور تائید کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی امن پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری اور مکالمے کو واحد مؤثر راستہ سمجھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی تنازعات کے حل اور روک تھام میں اقوام متحدہ کا کردار ناگزیر ہے، جبکہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنی سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں اسحاق ڈار نے مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کیے ہیں، جبکہ 30 مارچ کو اسلام آباد میں ایک اہم سفارتی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ ایران-اسرائیل و امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان ایک ممکنہ ثالث کے طور پر سامنے آ رہا ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ رابطوں کے ذریعے خطے میں تناؤ کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایران-اسرائیل کشیدگی: اقوام متحدہ کا پاکستان کی سفارتکاری پر اعتماد
ہفتہ 28 مارچ 2026












