لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں سوی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث بیوی شوہر کو بروقت روٹی نہ دے سکی۔ طیش میں آ کر شوہر نے اپنی بیوی اور تین کمسن بیٹیوں کو کمرے میں بند کر کے آگ لگا دی۔
واقعے کے نتیجے میں ماں اور تینوں بچیاں شدید جھلس گئیں اور انہیں تشویشناک حالت میں میو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حنا پرویز بٹ نے میو اسپتال کا دورہ کر کے متاثرہ خاندان کی عیادت کی اور اہل خانہ سے ملاقات کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اس کیس کی مکمل نگرانی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو شخص اپنی بیوی اور معصوم بچیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا سکتا ہے، وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں اور ایسے سفاک ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت اور بچوں کو زندہ جلانے کی کوشش انسانیت کے خلاف سنگین اور ناقابلِ معافی جرم ہے اور خواتین و بچوں پر تشدد کرنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔
لاہور: وقت پر کھانا نہ دینے پر شوہر نے بیوی اور تین بیٹیوں کو آگ لگا دی
ہفتہ 28 مارچ 2026












