حافظ نعیم الرحمٰن کا ٹرمپ اور نیتن یاہو پر تنقیدی موقف: ’شیطان کے پجاری اور جنگی مجرم‘

Calender Icon ہفتہ 28 مارچ 2026

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو جنگی مجرم اور شیطان کے پجاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عالمی سطح پر دہشت گردانہ اقدامات کے ساتھ ساتھ عجیب و غریب حرکات کر کے اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اور ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے اس خطے میں دہشت گردی کی واضح مثال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا حق تھا کہ وہ امریکی اڈوں پر ردِ عمل ظاہر کرے اور ایران کو خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی تنقید کی کہ امریکا اور اسرائیل خود نہیں سمجھ پا رہے کہ انہیں کیا کرنا چاہیے، کیونکہ امریکی اڈے خلیجی ممالک کی حفاظت کے لیے نہیں بلکہ اسرائیل کے تحفظ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
انہوں نے ملک میں فیول سے چلنے والے پاور پلانٹس کی بندش کا بھی مطالبہ کیا تاکہ توانائی کے مسائل اور ماحولیاتی اثرات کو کم کیا جا سکے۔