ایران کی آڑ میں اصل نشانہ ایٹمی طاقت پاکستان ہے: طاہر اشرفی

Calender Icon ہفتہ 28 مارچ 2026

لاہور(نیوزڈیسک): حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں ایران کو نشانہ بنانے کے پیچھے اصل مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہو سکتا ہے، اور اس حوالے سے امتِ مسلمہ کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما کونسل نے زور دیا کہ اس وقت سب سے اہم ضرورت مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دے کر خطے میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع اور استحکام ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اور داخلی و خارجی عناصر مختلف مسلم ممالک، خصوصاً ایران، سعودی عرب، ترکیہ، عراق اور پاکستان کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

طاہر اشرفی نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی معلومات کے حوالے سے بھی خبردار کیا اور کہا کہ اکثر خبریں گمراہ کن اور بے بنیاد ہوتی ہیں، جن کا مقصد عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق بعض اکاؤنٹس بیرون ملک سے چلائے جا رہے ہیں جو خطے میں کشیدگی کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے قریب آنا ہوگا اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی اسلامی ملک پر حملہ دراصل پوری امت پر حملہ تصور کیا جانا چاہیے۔

کانفرنس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما کی شرکت کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد کا واضح پیغام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر اندرونی طور پر انتشار پیدا ہوا تو اس کا نقصان پورے ملک کو ہوگا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دانشمندی اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے تاکہ کسی بھی سازش کو ناکام بنایا جا سکے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔