خطے کے ممالک ہمارے دشمنوں کو اپنی زمین پر جگہ نہ دیں؛ ایران

Calender Icon ہفتہ 28 مارچ 2026

تہران (نیوزڈیسک)ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے خطے کے ممالک کو سخت پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی زمین کو دشمنوں کے استعمال کے لیے مت دیں۔ صدر نے کہا ہے کہ اگر کسی ملک کی سرزمین سے ایران کے انفراسٹریکچر یا اقتصادی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تو ایران بھرپور اور سخت جواب دے گا۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب خلیجی ممالک نے امریکا سے مطالبہ کیا تھا کہ ایران کے خلاف صرف جنگ بندی کافی نہیں، بلکہ اس کی جنگی صلاحیتوں کو بھی محدود کیا جائے۔ ایرانی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ جارحیت پر یقین نہیں رکھتے، لیکن اپنی سلامتی اور ترقی کے تحفظ کے لیے ایران کسی بھی حملے کا جواب دینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے میں کئی اہم عسکری اور سیاسی شخصیات ہلاک ہوئیں، جن میں آیت اللہ خامنہ ای، وزیر دفاع اور پاسداران انقلاب کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ حملوں کے نتیجے میں عام شہری بھی متاثر ہوئے اور ملک کے انفراسٹریکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

ایران نے اس کے جواب میں خلیجی ممالک میں واقع امریکی تنصیبات، فوجی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے، جن میں تیل و گیس کے مراکز بھی شامل ہیں۔ سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر ایران کے حالیہ حملے میں کم از کم 15 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

صدر پزیشکیان کے اس بیان سے واضح ہوا ہے کہ ایران خطے میں اپنی حفاظت اور سلامتی کے لیے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور وہ پڑوسی ممالک سے بھی اپیل کر رہے ہیں کہ وہ اپنی زمین دشمنوں کے استعمال کے لیے نہ ہونے دیں۔