فرانس: وزیراعظم سیبیسٹیئن لیکورنوتقرری کے صرف 26 دن بعد ہی مستعفی

Calender Icon پیر 6 اکتوبر 2025

 فرانس کے وزیراعظم سیبیسٹیئن لیکورنو نے اپنی تقرری کے صرف 26 دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا۔
 عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا جب ایلیزے پیلس نے پیر کی صبح ان کی صدر ایمانوئل میکرون سے ایک گھنٹے کی ملاقات کے بعد ان کے استعفے کی تصدیق کی۔
خیال رہے کہ فرانس میں دو سال کے دوران یہ پانچویں وزیراعظم کا استعفیٰ سامنے آیا ہے جب کہ ایک سال میں مستعفی ہونے والے تیسرے وزیراعظم ہیں۔
 لیکورنو نے وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد کہا کہ وزیراعظم ہونا ایک مشکل کام ہے لیکن موجودہ حالات میں میرا آگے بڑھنا ناممکن تھا۔ سیاسی جماعتیں سمجھوتے پر تیار نہیں، سب اپنی انا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
 انھوں نے مختلف سیاسی دھڑوں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ سب ایسے برتاؤ کر رہے ہیں جیسے صرف ان کے پاس ہی اکثریت ہو۔
 
لیکورنو کی کابینہ کو اپوزیشن نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا کیونکہ اس میں زیادہ تر وزراء سابق وزیراعظم فرانسوا بیرو کی ٹیم سے ہی لیے گئے تھے۔
 مختلف جماعتوں نے اس کابینہ کو مسترد کرنے اور عدم اعتماد کی تحریک چلانے کی دھمکی دی۔
 فرانس میں گزشتہ دو برسوں میں یہ پانچواں وزیراعظم ہے جو حکومت سازی میں ناکام رہا۔
 دائیں بازو کی نیشنل ریلی پارٹی (RN) کی رہنما مارین لی پین نے کہا کہ یہ مذاق اب ختم ہونا چاہیے۔ عوام تنگ آ چکے ہیں۔ واحد حل نئے انتخابات ہیں۔
 ایک اور وزیراعظم کے مستعفی ہونے پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کو اب تین راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
 وہ ایک نیا وزیراعظم مقرر کرسکتے ہیں۔ قومی اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کراسکتے ہیں یا خود ہی مستعفی ہوجائیں۔
 لیکورنو کو ایمانوئل میکرون کا سب سے وفادار ساتھی اور آخری حل سمجھا جا رہا تھا۔ ان کی ناکامی کے بعد اب نئے انتخابات ہی زیادہ منطقی راستہ نظر آتے ہیں۔
  تاہم اس سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جماعت کو شدید نقصان اور مارین لی پین کی جماعت کو بڑی کامیابی ملنے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ فرانس میں جولائی 2024 کے بعد سے سیاسی عدم استحکام جاری ہے جب ایمانوئل میکرون نے اکثریت حاصل کرنے کی کوشش میں قبل از وقت انتخابات کروائے مگر نتیجہ ایک منقسم پارلیمان کی صورت میں نکلا۔