اسلام آباد (طارق محمود سمیر) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد کے درمیان گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال اور خطے کی ترقی کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ظفر حسن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، حالیہ ناخوشگوار واقعات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں پائیدار امن قائم رکھا جائے گا اور امن کے دشمن عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کے تمام علاقوں، خصوصاً گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سیاحت کے فروغ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ مقامی عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے نہ صرف امن و امان بہتر ہوگا بلکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بھی تیز ہوگی، جس سے خطے کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
ملاقات میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سیاحت کے شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان کو ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ خطہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
گلگت: وفاقی وزیر امیر مقام اور وزیر اعلیٰ یار محمد کی اہم ملاقات
اتوار 29 مارچ 2026












