گلگت: شیعہ علماء کرام کی وفاقی وزیر امیر مقام سے ملاقات، امن و ترقی پر تبادلۂ خیال

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

اسلام آباد (طارق محمود سمیر) گلگت میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام سے شیعہ علماء کرام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور حالیہ ناخوشگوار واقعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے حالیہ واقعات میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ماضی کی قربانیاں اور حب الوطنی قابلِ فخر ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کے امن کا آئینہ اور سیاحت کا اہم مرکز ہے، جہاں ہر سال ملک بھر اور بیرونِ ملک سے ہزاروں سیاح آتے ہیں، لہٰذا امن برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو بھی تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے شیعہ علماء کرام کی قیام امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ حالیہ ناخوشگوار واقعات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی علماء کرام کو امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی میں حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شیعہ علماء کرام نے وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر کی گلگت آمد کو سراہا اور امن و امان کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں۔ انہوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن سے انصاف کی فراہمی پر زور دیا اور گلگت بلتستان کے عوام کے دیرینہ مطالبے، مکمل آئینی حیثیت اور جائز حقوق کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
علماء کرام نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے اور گلگت بلتستان میں دیرپا امن، انصاف اور ترقی کے لیے حکومت، علماء اور دیگر ادارے مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے، تاکہ یہ خطہ محفوظ اور خوشحال بنایا جا سکے۔