اسلام آباد میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور ترکی کے وزیر خارجہ خاقان فیدان کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان کا استقبال اسحاق ڈار نے کیا، اور ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر علاقائی ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
قبل ازیں مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات میں بھی پاکستان اور مصر کے مضبوط دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو تقویت دینے پر بات چیت ہوئی، جبکہ خطے کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق چند ہی دیر بعد سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل پاکستان پہنچیں گے، جس کے بعد چاروں وزرائے خارجہ کے درمیان ایک اہم اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال پر مزید تبادلہ خیال متوقع ہے۔
اسلام آباد: مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں، ایران اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اتوار 29 مارچ 2026












