اسلام آباد۔ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، اور مصر و ترکیہ کے بعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ فرحان بن فیصل بھی اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ایئر بیس، اسلام آباد پہنچے، جہاں ان کے دورے کو خطے کی بدلتی صورتحال کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان بھی اسلام آباد پہنچے تھے، جنہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں اور ایران سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ایک اہم اجلاس متوقع ہے، جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے، امن کے فروغ اور مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
یہ ملاقات خطے میں استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جہاں سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا جا رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ کشیدگی: سعودی وزیر خارجہ بھی پاکستان پہنچ گئے، اہم سفارتی سرگرمیاں تیز
اتوار 29 مارچ 2026












