گوجرانوالہ: مراکش کشتی حادثے کا مرکزی ملزم گرفتار

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

گوجرانوالہ میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مراکش کشتی حادثے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق نوشہرہ ورکاں میں چھاپہ مار کر قاصد عرف کاشی گورائیہ کو حراست میں لیا گیا، جو انسانی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک سے منسلک بتایا جاتا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ وہ سیکڑوں افراد کو غیر قانونی طور پر زمینی راستوں کے ذریعے بیرون ملک اسمگل کرتا رہا ہے۔ مزید یہ کہ اس کا نام وزارت داخلہ کی ریڈ لسٹ میں بھی شامل تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم موریطانیہ سے آپریٹ کرنے والے عالمی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھا۔
واضح رہے کہ مراکش کشتی حادثہ جنوری 2025 میں پیش آیا تھا، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس نیٹ ورک کے دیگر افراد تک بھی پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔