وفاق کی موٹرسائیکل و رکشہ صارفین کو پیٹرول پر مخصوص سبسڈی دینے کی تجویز

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی حکومت کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں عام شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے موٹرسائیکل اور رکشہ صارفین کو پیٹرول پر مخصوص سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس اقدام کا مقصد خاص طور پر نچلے اور متوسط طبقے کے افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے جو روزمرہ آمدورفت کے لیے ان سواریوں پر انحصار کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل اور رکشہ صارفین کو ماہانہ 20 سے 30 لیٹر تک سبسڈی والے پیٹرول کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے جدید نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، جس کے تحت کیو آر کوڈ اور موبائل ایپ کے ذریعے مستحق صارفین کو سبسڈائزڈ پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت کفایت شعاری اقدامات کے تحت توانائی کی بچت، اسمارٹ لاک ڈاؤن اور محدود تجارتی سرگرمیوں جیسے منصوبوں پر بھی غور کر رہی ہے، جن کے ذریعے تقریباً 154 ارب روپے تک کی بچت متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سبسڈی سمیت تمام تجاویز پر حتمی فیصلہ اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جس میں صدر، وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی رائے بھی شامل ہوگی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ایک ایسا متوازن فیصلہ کیا جائے جس سے عوام کو ریلیف بھی ملے اور معیشت پر بوجھ بھی کم رہے۔