پی ایس ایل 11: گلیڈی ایٹرز نےکنگز مین کو 175 رنز کا ہدف دیدیا

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے ایک دلچسپ مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگز مین کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے شمائل حسین اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 54 اور 53 رنز بنائے، جبکہ ٹام کرن نے 31 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، کپتان سعود شکیل صرف 4 رنز بنا سکے جبکہ خواجہ نافع 6 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ ریلے روسو، بین ڈرموٹ اور الزاری جوزف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اننگز کے اختتام پر ابرار احمد 9 اور احمد دانیال 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے ریلے میریڈیتھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مہیش تھکشانا اور عاکف جاوید نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اب میچ کا نتیجہ حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ پر منحصر ہے کہ وہ اس ہدف کو حاصل کر پاتے ہیں یا نہیں۔