لاہور:(نیوزڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔صوبائی دارالحکومت کے علاقے ظفر پارک بادامی باغ میں گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، چھت ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی۔
ریسکیو حکام نے ملبے تلے سے 2 افراد کو زندہ نکال لیا۔اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں جھنگ، بہاولپور، میانوالی سمیت کئی شہروں میں بادل برسے، یزمان، چولستان اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی بادل برسے۔محکمہ موسمیات نے لاہور میں 31 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر دی۔
خیبرپختونخوا کے بھی مختلف شہروں میں بارش ہوئی، بنوں میں شدید بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، شہری شیر محمد کے پانچ بچے ملبے تلے دبے، دو بیٹیاں اور بیٹا دم توڑ گیا، ریسکیو آپریشن کے دوران دو زخمی بیٹوں کو زندہ نکال لیا گیا۔کراچی میں بھی بادل برسنے کا امکان پیدا ہوگیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی شہروں میں بارش متوقع ہے۔












اتوار 29 مارچ 2026 