کوئی بچہ پیچھے نہ رہےمہم کے ابتدائی نتائج، 3,600 سے زائد بچوں کی نشاندہی

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)کوئی بچہ پیچھے نہ رہےمہم، ابتدائی نتائج، 3,600 سے زائد بچوں کی نشاندہی ۔اسلام آباد میں اسکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں واپس لانے کے لیے وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے جاری “کوئی بچہ پیچھے نہ رہے” مہم کے ابتدائی نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ چند دنوں کے فیلڈ ورک کے بعد مختلف یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 3,646 بچوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

نان فارمل ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (این ایف ای ایم آئی ایس) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق نشاندہی شدہ بچوں میں 1,862 لڑکے (51 فیصد) اور 1,784 لڑکیاں (49 فیصد) شامل ہیں۔ یہ بچے “نشاندہی شدہ مگر تاحال غیر داخل شدہ” کیٹیگری میں آتے ہیں اور انہیں جلد از جلد تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مہم کے دوران مختلف اداروں نے فعال کردار ادا کیا:* نیشنل کمیشن برائے بچوں کی ترقی (این سی ایچ ڈی) نے 2,877 بچوں کی شناخت کی، جے جے ٹی نے 433، این ای ایف نے 157، بی سی سی ایس نے 85، مسلم ہینڈز نے 78، سن بیمز نے 37 بچوں کو شامل کیا۔مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ گھر گھر سروے اور نشاندہی کے یہ اقدامات اس بات کی جانب ایک اہم قدم ہیں کہ ہر بچہ تعلیمی نظام سے جڑ سکے اور کسی بھی بچے کو تعلیم سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔