رانا مشہود کا ریاض منصور ٹرسٹ کے سرجیکل ٹاور کا دورہ، صحت سہولیات میں بہتری اور تھیلیسیمیا آگاہی کا اعلان

Calender Icon پیر 30 مارچ 2026

لاہور (نیوز ڈیسک) چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اپنی اہلیہ فرحت مشہود کے ہمراہ ریاض منصور ٹرسٹ کے نئے سرجیکل ٹاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید وارڈز، آپریشن تھیٹرز، لیبارٹریز اور دیگر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ریاض منصور ٹرسٹ جیسے ادارے نہ صرف لاہور بلکہ پورے ملک کے لیے امید کی علامت ہیں، جہاں جدید طبی سہولیات کے ذریعے مریضوں کو معیاری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دورے کے دوران تھیلیسیمیا سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے ایک خصوصی رجسٹر کے اجراء کا بھی اعلان کیا گیا، جسے ملک بھر میں متعارف کروایا جائے گا تاکہ اس مرض کے حوالے سے شعور بیدار کیا جا سکے اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال ممکن بنائی جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر تھیلیسیمیا کے مریض بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔