امِ رباب چانڈیو کا تہرے قتل کے فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ و سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

Calender Icon پیر 30 مارچ 2026

امِ رباب چانڈیو نے تہرے قتل کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔

عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے امِ رباب چانڈیو نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ریاست کی عدالت کی جانب سے آیا ہے، تاہم عوام حقیقت سے آگاہ ہو چکے ہیں اور ہم عوام کی عدالت میں یہ کیس پہلے ہی جیت چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس جدوجہد میں سرخرو ہو چکی ہوں اور انصاف کے حصول کے لیے میرا عزم برقرار ہے، کسی ایک ملزم کو سزا نہ ہونا عجیب ہے، وہ ملزمان جو 3 سالوں تک روپوش رہے ان کو بھی سزا نہیں ہوئی، یہ کیس میرے گھر تک محدود نہیں تھا، یہ کیس جاگیرداری نظام کے خلاف مظلوم عوام کی جدوجہد پر مشتمل تھا، آج ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔

امِ رباب کا مزید کہنا ہے کہ پانچوں انگلیاں برابر نہیں ہوتیں، اس لیے میں اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کروں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ میرے حوصلے پہلے بھی بلند تھے اور آج بھی بلند ہیں۔

دوسری جانب تہرے قتل کیس میں امِ رباب کے وکیل صلاح الدین پنہور نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہا کہ سرداری نظام کے خلاف 3 لوگوں کا دن دہاڑے قتل ہوا، کیس میں 3 گواہ اور میڈیکل شواہد موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اتنے شواہد پر ہماری نظر میں سزا ہوسکتی تھی، کیس کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔