وزیراعظم، صدر یورپی کونسل کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خلیج کشیدگی پر تبادلہ خیال

Calender Icon پیر 30 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم اور یورپی کونسل کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یورپی کونسل کے صدر جناب انتونیو کوسٹا کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔اپنی خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر کو مشرق وسطیٰ کے بحران میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ یورپی کونسل کے صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تمام سفارتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ماہ برسلز کا ان کا طے شدہ دورہ مؤخر ہو گیا تھا۔ یورپی کونسل کے صدر نے کہا کہ وہ باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر وزیراعظم کا برسلز میں خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ 28-29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم کا افتتاح کرنے کے منتظر ہیں۔وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر محترمہ ارسلا وان ڈیر لیئین کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔