آسٹریا (ویب ڈیسک) 14 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنیکا فیصلہ۔اس حوالے سے بل جلد متعارف کرایا جائے گا ۔آسٹریلیا نے چند ماہ پہلے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔
اس کے بعد سے دنیا کے مختلف ممالک میں اس طرح کی تجاویز سامنے آئی تھیں اور اب ایک یورپی ملک میں ایسا کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
آسٹریا کی جانب سے بچوں کے لیے سوشل میڈیا کی رسائی ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آسٹرین حکومت کی جانب سے جاری بیان میں ایک نئے بل کا اعلان کیا گیا جسے جون 2026 کے آخر تک متعارف کرایا جائے گا۔
انڈونیشیا کا 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان
اس قانون کے تحت 14 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس قانون کا مقصد آن لائن 14 سال سے کم عمر بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اس بل میں اسکولوں میں میڈیا کے حوالے سے آگاہی کے مضمون کو متعارف کرانے کی شق بھی شامل کی جائے گی تاکہ بچے آن لائن گمراہ کن تفصیلات کو شناخت کرسکیں۔
آسٹرین حکومت کے مطابق یہ اقدامات اس لیے کیے جا رہے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پر بچوں کو توہین آمیز رویے کا سامنا ہوتا ہے جبکہ دماغی صحت کے مسائل بھی عام ہو رہے ہیں۔
اس بیان میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ عمر کی تصدیق کے لیے کیا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔












پیر 30 مارچ 2026 