اسلام آباد / کوئٹہ(نیوزڈیسک): ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ حکومتِ بلوچستان کے درمیان صوبے میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے دو اسٹریٹجک معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں منعقدہ تقریب کے دوران ایچ ایس اے کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ندیم سجاد کیانی اور پی ایم یو کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب کاکڑ نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ان معاہدوں کا بنیادی مقصد دور دراز اضلاع میں ماہر عملے کی کمی دور کرنا اور نچلی سطح پر صحت کی سہولیات کو فعال بنانا ہے۔ پہلے معاہدے “Capacity Building Program for Paramedics & Allied Healthcare Providers” کے تحت بلوچستان بھر سے 352 حاضر سروس پیرامیڈیکس کو آئی سی یو (، این آئی سی یو ، ایمرجنسی، اینستھیزیا اور کارڈیک کیئر جیسے حساس شعبوں میں جدید تربیت دی جائے گی۔ اس پروگرام میں کلاس روم تدریس کے ساتھ سیمولیشن ٹیکنالوجی اور زیرِ نگرانی کلینیکل پریکٹس شامل ہے۔دوسرا معاہدہ “نرسنگ انٹرن شپ” کے حوالے سے ہے، جس کے تحت نرسنگ کے نئے فارغ التحصیل نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتوں اور کلینیکل تیاری کے منظم مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ منتخب امیدوار اسلام آباد میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی سے خصوصی تربیت مکمل کرنے کے بعد اپنے متعلقہ اضلاع میں واپس جا کر خدمات سرانجام دیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نمائندوں نے ان اقدامات کو بلوچستان کے عوام کے لیے ایک مضبوط اور ہنرمند طبی افرادی قوت کی تشکیل کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ ایچ ایس اے کے ڈائریکٹر ندیم سجاد کیانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان کی قیادت میں اکیڈمی تربیت، تحقیق اور پالیسی سازی کے ذریعے ملک کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔
طبی عملے کی تربیت : ایچ ایس اے اور بلوچستان حکومت میں معاہدہ طے
پیر 30 مارچ 2026












