اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے “جرأت کے نشان” کی ایک سنسنی خیز قسط جاری کر دی گئی ہے، جس میں دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار جوانوں کی غیر معمولی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
اس خصوصی قسط میں میجر علی شہید اور حوالدار نثار شہید کی جرأت اور قربانی کی دل دہلا دینے والی داستان بیان کی گئی ہے۔ یہ واقعہ ژوب میں ہونے والے ایک حساس انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر مبنی ہے، جہاں پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے خلاف بے مثال جرأت کا مظاہرہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بھاری اسلحہ سے لیس دہشت گردوں کے مقابلے میں ایس ایس جی ٹیم کی تعداد کم ہونے کے باوجود، جوانوں نے نہایت حکمتِ عملی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ اس کارروائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو مؤثر جواب دیا گیا اور کئی کو واصلِ جہنم کیا گیا۔
آپریشن کے دوران میجر علی شہید اور حوالدار نثار شہید نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے بہادری اور ایثار کی نئی مثال قائم کی۔ ان کی قربانی نے نہ صرف بے گناہ شہریوں کی جانیں بچائیں بلکہ قوم کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے اپنا مقام بھی بنا لیا۔
جاری کردہ قسط میں ان شہداء کی عظیم قربانی اور استقامت کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کا امن و استحکام انہی بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔












منگل 31 مارچ 2026 